حاملہ عورت کی تکلیف | بقلم حرا امجد بنتِ اخلاق

بسم اللہ الرحمن الرحیم۔

حاملہ عورت کی تکلیف: قرآن کی روشنی میں ایک سنجیدہ پیغام

بقلم حرا امجد بنت اخلاق

حاملہ عورت کی تکلیف

ہم نے انسان کو اپنے والدین کے ساتھ نیکی کرنے کی تاکید کی کہ اسے اس کی ماں نے تکلیف سے اٹھائے رکھا اور اسے تکلیف سے جنا۔

حاملہ عورت کی تکلیف ایسی تکلیف ہے جس کا ذکر القرآن میں بھی موجود ہے۔
حاملہ عورت مجاہدہ ہے، اگر وہ اس سفر کے اختتام پر زندگی ہار دے تو شہادت کا رتبہ پاتی ہے۔
پس تم پر لازم ہے کہ حاملہ عورت کا خیال رکھو کہ وہ ایسی تکلیف میں ہے جسے واقعی تکلیف کہا گیا ہے۔
خدارا اس بحث کو چھوڑو کہ ہر عورت اس مرحلے سے گزرتی ہے۔ تم انوکھی نہیں ہو۔
کوئی بھی عورت یہ کبھی نہیں بھولتی کہ دوران حمل کس نے اس کو سنبھالا، اس کی پرواہ کی، اس کا خیال رکھا اور کس نے اسے بوجھ سمجھا، اس کی تکلیف سے تنگ آیا یا اسے مزید پریشان کیا۔
حمل کی تکلیف سے بآسانی گزرا جا سکتا ہے اگر عورت کو خوش رکھا جائے۔
وگرنہ وہ جسمانی تکلیف سے نہیں تھکتی مگر جذباتی توڑ پھوڑ اسے بکھیر کر رکھ دیتی ہے۔

شوہر کو سمجھنا چاہیے 

شوہر کو سمجھنا چاہیے کہ یہ وقت عورت سے امیدیں باندھنے کا نہیں بلکہ اس کی امیدوں پر پورا اترنے کا ہے۔ 
آپ کے چند ہمدردانہ جملے اس کا پورا دن اچھا کر سکتے ہیں، اس کی تکلیف کو کم کر سکتے ہیں، اس کی قوتِ برداشت میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
اسی طرح آپ کے چند تلخ جملے، چند شکوہ بھری باتیں، اس کی تکلیف میں اضافہ کر سکتی ہیں۔
نیز شوہر کے علاوہ گھر کے باقی افراد بھی عورت کا اس مرحلے میں خوب ساتھ دیں۔
اس کے بوجھ کو جتنا بھی ہو سکے، بانٹ لیں۔ اس کی حوصلہ افزائی کریں۔
وہ خواتین جن کی حمل کے وقت نگہد اشت نہیں کی گئی، وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے ارد گرد موجود کوئی خاتون اس تکلیف سے نہ گزرے جس سے وہ گزریں۔ 
نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حسن سلوک کا سب سے زیادہ حق دار ماں کا قرار دیا ہے۔ اللہ پاک نے اپنی محبت کی مثال دی تو ماں کی مثال دی، حمل اور دودھ پلانے کی مشقت کا قرآن کریم جیسی عالمگیر کتاب میں ذکر فرمایا۔
پس! آپ کے ارد گرد کوئی بھی حاملہ عورت ہے اس کا خیال رکھیں اس کی خدمت ثواب سمجھ کر کریں۔ کہ یہ واقعی بڑا ثواب ہے۔
اس کی تکلیف کو ڈرامہ نہ کہیں ورنہ خدا پر جھوٹ باندھیں گے آپ۔
یہ بھی نہ کہیں کہ یہ کم تکلیف کو زیادہ تکلیف بنا کر بتا رہی ہے۔
کیونکہ ہر انسان کی قوت برداشت، حالات و واقعات مختلف ہوتے ہیں۔
اللہ پاک تمام حاملہ خواتین کے لیے آسانی والا معاملہ فرمائیں اور ہمیں حاملہ خواتین کا خیال رکھنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ آمین ثم آمین۔
Bint e Ikhlaq Urdu writer logo

حرا امجد (بنتِ اخلاق)
Founder & Writer — Jihad Bil Qalam
قلم کے ذریعے اصلاح اور دعوتِ دین میرا مقصد ہے۔