صبر بقلم کنزا افتخار

 بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم۔

حوصلہ رکھیں 

کنزا بنت افتخار

انسان بہت جلد باز ہے اس کی فطرت میں جلد بازی شروع سے ہی شامل ہے اپنے تمام معاملات میں بہت بے صبرا ہے یہ چاہتا ہے کہ جو چیز اُس نے سوچی ہے وہ اُس کو اُسی وقت مل جائے جو دعا کی ہے وہ فوراً سے قبول ہو جائے۔

لیکن دیکھیں جیسے آپ کو اپنے نئے سوٹ کے لیے دو دِن یا کبھی کبھار پورا ہفتہ انتظار کرنا پڑتا ہے اُس سوٹ کے سلائی ہونے تک اور جب وہ سوٹ سلائی ہو کر آپ تک پہنچ جاتا ہے تو کیا آپ فوراً سے اُسی وقت اُسے پہن لیتے ہیں؟ کیا آپ انتظار نہیں کریں گے اُس دن کا جس دِن کے لیے آپ نے اُسے بنوایا ہے؟

کریں گے نا انتظار پہلے اُس کے بننے کا اور پھر اُس کو پہننے کے دِن کا۔ چاہے انتظار کتنا ہی لمبا کیوں نہ کرنا پڑے آپ کرتے ہیں۔

اور اتنا انتظار پتا ہے آپ کیوں کرتے ہیں؟ 

پسند کی! یہاں بات آپ کی پسند کی ہے وہ سوٹ آپ کی پسند ہے اور اُس کو کِس دِن پہننا ہے وہ بھی آپ ہی کا طے کردہ ہے اور اپنی پسند کے لیے آپ انتظار بھی کر سکتے ہیں۔

تو جب آپ اپنے معاملات کو لے کر اتنے وقت پسند ہیں اور ہر چیز کا، ہر کام کا آپ نے ایک وقت مقرر کر رکھا ہے تو وہ تو ربِ کائنات ہے جو ساری دنیا کا نظام چلا رہا ہے کیا وہ وقت پسند نہیں ہے؟ کیا اُس نے ہر چیز کے لیے وقت مقرر نہیں کیا ہوا؟ یقیناً کیا ہوا ہے ہر چیز کا ہر کام کا یہاں تک کہ انسان کے دنیا میں آنے اور جانے تک کا وقت مقرر کر رکھا ہے۔

تو جو چیز آپ پانا چاہتے ہیں اُس کے صحیح وقت آنے تک کا انتظار کریں یقیناً اُس رب نے مخصوص وقت مقرر کیا ہوا ہے آپ کی دعا کی قبولیت کا اور آپ کے باقی معاملات کا۔ وہ انسان کو انسان کے طے کردہ وقت کے مطابق نہیں عطا کرتا وہ آپ کا خالق ہے وہ جانتا ہے کہ کونسا وقت اُس کے بندے کے لیے نفع مند ہے جس وقت اُس کا بندہ اُس کی عطا کردہ نعمتوں کا شکر ادا کرے گا اور کونسا ایسا وقت ہے جب وہ اپنے بندے کو عطا کرے گا اور اُس کا بندہ شکر کرنے کے بجائے تکبر کرے گا۔

القرآن: بے شک الله تعالٰی صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔

تو حوصلہ رکھیں صبر کریں اللہ سبحانہ و تعالٰی آپ کے صبر کا بہترین بدلہ دینے والے ہیں۔

صبر بقلم کنزا افتخار

Post a Comment

0 Comments