بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْم۔
القرآن کا حق
صبا ریاض
!السلام علیکم ورحمتہ الله وبرکاتہ
وہ لوگ جنہیں ہم نے کتاب دی ہے تو وہ اس کی تلاوت کرتے ہیں جیسا تلاوت کرنے کا حق ہے یہی لوگ اس پر ایمان رکھتے ہیں اور جو اس کا انکار کریں تو وہی نقصان اٹھانے والے ہیں۔ [سورة البقرة: 121 (ترجمۂ کنزالعرفان)]
القرآن کا حق کیا ہے؟ اول اس کو بہترین تجوید کے ساتھ پڑھنے کی "کوشش" کرنا۔ القرآن کو اپنی آوازوں سے خوب صورت بنانے کا حکم ہے۔ مگر کیا صرف پڑھ لینا ہی کافی ہے؟
ہم ایسے شخص سے بات نہیں کرتے جو ہماری زبان نہ بولتا ہو ہم ایسا کوئی ڈرامہ نہیں دیکھتے جس کی ہمیں سمجھ نہ آ رہی ہو یہاں تک کہ ہم ایسی کوئی اخبار بھی نہیں پڑھتے جو کسی اور زبان میں ہو۔ کیوں؟ کیونکہ۔۔۔ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کوئی انسان ہمیں کیا بتانا چاہتا ہے اس لئے ہم اس چیز کا اپنی زبان میں ترجمہ کر لیتے ہیں۔ پھر الله تعالیٰ کے معاملے میں اتنی سنگ دلی کیوں؟ القرآن میں تو الله تعالیٰ باقاعدہ بات کرتا ہے نا ہم سے تو ہم میں یہ تڑپ کیوں نہیں ہے کہ ہم سمجھیں کہ الله تعالیٰ کیا فرما رہے ہیں؟
حقیقت یہ ہے کہ ہم عربی نہیں جانتے، نہیں سمجھتے تو ہمیں کیسے معلوم ہو گا کہ اللہ پاک کیا فرما رہے ہیں؟ بلاشبہ عربی بہت خوب زبان ہے۔ اور القرآن کی عربی تو سب سے زیادہ آسان ہے۔ جب آپ عربی سیکھنا شروع کرتے ہیں تو آپ کو سب سے پہلے القرآن کی عربی سمجھ آنے لگتی ہے کیونکہ اللہ پاک نے بہت سادی الفاظ استعمال کیا ہیں۔ کیا ہم تھوڑی سی عربی القرآن کو سمجھنے کے لیے نہیں سیکھ سکتے؟
کیوں القرآن مکمل پڑھ لینے کے بعد بھی ہم میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوتی، ہم ویسے ہی رہتے ہیں جیسے قرآن پاک پڑھنے سے پہلے ہوتے ہیں، آخر کیا وجہ ہے اس کی؟
جبکہ زندگی بدل دینے کے لیے تو اللہ تعالیٰ کے حکم سے القرآن کی ایک آیت ہی کافی ہوتی ہے اگر سمجھ آ جائے تو۔۔۔ لیکن آج کا مسلمان القرآن مکمل پڑھ کر سود اور رشوت بھی لیتا ہے ، غیبت اور الزام تراشی بھی کرتا ہے ، مذاق اڑاتا ہے ، دل آزاریاں کرتا ہے، بے ایمانی اور ناانصافی بھی کرتا ہے، قطع تعلقی بھی کرتا ہے، حق تلفی بھی کرتا ہے ، صلہ رحمی نہیں کرتا ، نمازوں کی حفاظت نہیں کرتا ، زکوٰۃ ادا نہیں کرتا، لوگوں کے حقوق پورے نہیں کرتا۔۔۔یہ سب بنیادی چیزیں ہیں جن کا واضح حکم ہے قرآن مجید میں۔۔۔
القرآن کو سمجھنے کی طرف غور نہ کرنا ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ جو امت مسلمہ کو اپنی لپیٹ میں لئے جا رہا ہے
خدارا اپنے فرائض کو پہچانیں۔ علماء سے رابطہ کریں اور ان سے القرآن کو سمجھیں۔
خود بھی قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھیں اور لوگوں میں بھی اس بات کا شعور اجاگر کریں۔۔۔ ظاہری بات ہے جب تک ہمیں قرآن مجید کی سمجھ نہ آئی جب تک ہمیں معلوم ہی نہ ہوا کہ اللّٰه پاک حکم کیا دے رہے ہیں تب تک ہم اپنی زندگیوں میں عمل پیرا کیسے ہو سکتے ہیں قرآن پاک پر۔۔۔ الله پاک کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کیلئے قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھنا بہت ضروری ہے۔۔۔
اللہ پاک ہمارے دلوں کو قرآن پاک کے نور سے منور فرمائیں۔
آمین۔۔۔اے الله ہمیں کوشش کرنے والوں میں لکھ دے آمین۔

0 Comments