مایوسی بقلم مریم خضر

 بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم۔

مایوسی

مریم خضر

ہم میں سے اکثر لوگ جلد مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں۔کبھی حالات کی سختیوں اور مالی پریشانیوں کی وجہ سے تو کبھی لوگوں کی مایوس کن باتیں ہمیں مایوسی کے اندھے کنویں میں دھکیل دیتی ہیں۔ جہاں پر نہ کچھ سجھائی دیتا ہے نہ دکھائی۔ کچھ لوگ وقتی مصیبتوں سے یہ نتیجہ اخذ کر لیتے ہیں کہ ہم کبھی بھی اس کیفیت سے باہر نہیں نکل سکتے۔ جب کہ مایوسی تو بندے کو اللہ تعالیٰ سے دور کر دیتی ہے۔ بندے کا اللہ پر توکل کمزور پڑ جاتا ہے۔ اس لیے تو اسلام میں مایوسی کو کفر کے قریب تر قرار دیا گیا ہے۔ مومن تو کبھی مایوس ہو ہی نہیں سکتا۔ اس پر لوگوں کی مایوسی سے بھری باتوں کا ذرا برابر اثر نہیں ہوتا بلکہ وہ اپنے یقین کی ان دیکھی طاقت سے لوگوں کو امید کی کرن سے روشناس کروا دیتا ہے۔ مایوسی کے کالے بادل چھٹ جاتے ہیں۔ آپ کی ہر آزمائش وقتی ہے۔ چاہے وہ آزمائش بیماری کی صورت میں ہو، رزق کی صورت میں یا مصیبتوں کی شکل میں ہو۔ آزمائش کوئی بھی اٹل نہیں ہوتی۔ وہ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کے حکم سے ٹل ہی جاتی ہے! آپ اللہ تعالیٰ پر توکل مضبوط رکھیں۔ مایوسی کو دل میں جگہ نہ بنانے دیں۔ انسان کو اللہ تعالیٰ کی ذات سے کبھی بھی ناامید نہیں ہونا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی ہر مشکل سے بڑا ہے۔ وہ قادر مطلق ہے۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ سب کچھ کھوتے جا رہے ہیں اور آپ کے پاس کچھ نہیں بچا تو آپ کو غلط لگتا ہے کیوں کہ درخت بھی موسم خزاں میں اپنے سارے پتے کھو دیتا ہے پھر بھی اس امید پر زندہ رہتا ہے کہ بہار کے دن آئیں گے اور پھر وہ پتوں سے ہرا بھرا ہو جاتا ہے۔ ایک جگہ کہیں پڑھا تھا کہ امید کے پودے کو پانی دیتے رہنا چاہیے اور اسے اتنا تناور کر دینا چاہیے کہ مایوسی کا جنگل دور دور تک اگنے نہ پائے۔ کیا آپ کے لیے قرآن پاک کی تسلیاں بھی کافی نہیں؟ 

:قرآن پاک بار بار کہتا ہے

لا تقنطوا: نا امید نہ ہو۔ (الزمر:53)

لا تھنوا: کمزور نہ پڑو۔ (آل عمران: 139)

لا تحزنوا: غمگین نہ ہو۔ (آل عمران: 139)

لا تایئسوا: مایوس نہ ہو۔ (سورۃ یوسف:87)

آپ کمزور ہو سکتے ہیں، آپ کا وقت کمزور ہو سکتا ہے مگر آپ کا رب کمزور نہیں ہے۔ اگر آپ کو کوئی بھی راہ نظر نہ آ رہی تو یہ آیت دل کو تسلی دینے کے لیے کافی ہے۔

تم نہیں جانتے شاید اس کے بعد اللہ کوئی نئی صورت بنا دے۔ (سورۃ الطلاق: 1)

آپ سورۃ الضحیٰ کو ترجمے کے ساتھ پڑھیں اور پڑھنے کے بعد دل میں اترتے ہوئے سکون کو محسوس کریں۔ اللہ تعالیٰ کی رحمت تو اتنی وسیع ہے کہ بندہ دل میں مایوسی کا خیال تک نہیں لانا چاہیے۔ امید کی لو سے مایوسی کے اندھیرے کو دور کریں۔

مایوسی بقلم مریم خضر

Post a Comment

0 Comments