یومِ حشر کی کامیابی اور نماز کی اہمیت | اصل فلاح کہاں ہے؟
حرا امجد بنتِ اخلاق (لاہور)
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔
یومِ حشر کا منظر اور ہماری کامیابی
ایک وقت ہو گا۔ یومِ حشر ہو گا، ایک تم ہو گے،ایک اللہ ہو گا۔ ترازو پر اعمال ہوں گے۔ تمہارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمہاری کامیابی کے اعلان کے منتظر ہوں گے۔ سوچو! اس وقت تم ہار گئے تو؟ آہ! تمہاری کامیابی کے جشن کے بجائے تمہیں گردن سے دبوچ کر دوزخ کی طرف گھسیٹا گیا تو؟ تب تو تم گلہ بھی نہیں کر سکو گے۔
کامیابی کی دعوت
خود بتاو وہ دن میں پانچ بار بلاتا ہے تمہیں کامیابی کی طرف، جنت کی طرف، الصلوۃ کی طرف اور تم اس کی آواز کو ان سنا کر دیتے ہو۔ کیا وہ تم سے گلہ کر رہا ہے؟ جب آج وہ تم سے گلہ نہیں کر ریا تو روز قیامت تم بھی نہ کر سکو گے۔
کیا ہمیں اپنے نبی ﷺ کی خوشی عزیز نہیں؟
مگر سنو! اگر اس دن جسے یوم الدین کہتے ہیں ہاں اس دن اگر تمہاری کامیابی کا اعلان کر دیا گیا تو؟ اگر تمہارا نام جنتیوں کے ناموں میں شمار کر دیا گیا تو؟ تمہاری اس کامیابی سے تمہارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جو خوشی ہو گی کیوں اس خوشی کو دیکھنے کی چاہت نہیں کرتے؟ وہ لمحہ کیسا لمحہ ہو گا جب تمہارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمہاری کامیابی پر مسکرا رہے ہوں گے۔ کیوں اس لمحے کو پانے کی خواہش نہیں رکھتے؟
دنیاوی کامیابی یا ابدی کامیابی؟
کامیابی تو وہی ہے جو ابدی ہے۔ یہ دنیاوی کامیابی بھی بھلا کوئی کامیابی ہے؟ نہیں،نہیں! یہ تو محض دکھاوا ہے۔
دائمی کامیابی کیا ہے؟
دائمی کامیابی تو وہ یے جب اللہ تمہارے اعمال کو دیکھ کے خوش ہو جائے، جب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمہاری کامیابی پر تمہیں شاباش دیں۔ "جیداً جید" جب یہ الفاظ اپنے لیے ان کے لبوں سے سنو گے تو وہ کیسا عالم ہو گا؟ وہ کیسی خوشی ہو گی؟ ہاں وہ ہو گی دائمی کامیابی۔
کیوں پستی کی طرف جا رہے ہو؟
تو کیوں پستی کی طرف جا رہے ہو؟ کیوں کامیابی سے دور بھاگ رہے ہو؟ جب وہ تمہیں روز پانچ بار بلا سکتا ہے۔ کہ آو کامیابی کی طرف آو۔ آو فلاح کی طرف آو۔ تو کیوں نہیں بھاگتے اس کی طرف؟ کیوں تم اسی سے بھاگ رہے ہو جس نے تمہیں اتنی محبت سے بنایا ہے؟ مت کرو۔ اس کی محبت کے جواب میں بے رخی نہ دکھاؤ۔
روزِ قیامت
وہ تو الصبور ہے۔ وہ بڑا تحمل کرنے والا ہے۔ وہ تمہاری اس بے رخی پر صبر کر رہا ہے۔ روز قیامت ہر حساب لے لے گا۔ پھر نقصان میں صرف تم ہی رہ جاو گے۔ ہاں ابھی وقت ہے اس کی طرف بھاگو۔ اس کی محبت کے جواب میں محبت دو۔ وہ جب بلائے تو بھاگ کے جاؤ۔ اور پھر دیکھو کامیابی کیسے ملتی ہے۔ وہ اپنے آگے جھکنے والوں کو کبھی گرنے نہیں دیتا۔ پس اگر کامیابی چاہتے ہو تو نماز کی طرف آؤ۔
اگر یہ تحریر آپ کے دل کو چھو گئی ہو تو اسے شیئر کریں اور نماز کی پابندی کا عزم کریں۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں